Breaking News

فواد حسن فواد، خواجہ سلمان رفیق اور عبدالعلیم خان کی نیب لاہور آفس میں پیشی.

نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے تینوں سے مختلف کیسز کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی

فواد حسن فواد، خواجہ سلمان رفیق اور عبدالعلیم خان کی نیب لاہور آفس ..
لاہور (۔ 29 مارچ2018ء) قومی احتساب بیورو ( نیب )کے طلب کیے جانے پر وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان لاہور آفس میں پیش ہو گئے ، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے تینوں سے مختلف کیسز کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی۔ تفصیلات کے مطابق فواد حسن فواد کو وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری ٹو ایمپلی منٹیشن کے طور پر آشیانہ ہائوسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کودینے کے الزام میں دوسری بار طلب کیا گیا اور ان سے نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے تقریباً پونے دو گھنٹے تحقیقات کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کو دس سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا گیا۔قومی احتساب بیورو کی طلبی پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق بھی نیب لاہور میں پیش ہوگئے جہاں نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ان سے نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے متعلق پوچھ گچھ کی ۔ اسی کیس میں ان کے بڑے بھائی وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی نیب کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں ۔ دوسری جانب تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان پارک ویو ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں نیب لاہور کی تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے اور انہوںنے سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ بعض دستاویزات بھی پیش کیں۔

No comments