لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا وفد پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں موجودہ حکومت گرانے کے لئے نہیں جا رہی حکومت اگر اپنے گناہوں سے گرتی ہے تو گرتی رہے، پارٹی کا وفد سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے ورثاء کو انصاف دلانے کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی سی میں شرکت سے متعلق بلائے گئے ایک مشاورتی اجلاس جو پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک، میاں منظور احمد وٹو اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے شرکت کی، اس موقعہ پر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کی پابند ہو گی اور ان پر عملدرآمد کرے گی۔
مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے پی سی سے قبل اس پر بات کرنا کانفرنس کو مجروح کرنے کے مترادف ہے، بعد ازاں پیپلز پارٹی کا وفد منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لئے روانہ ہو گیا۔
No comments